i پاکستان

تنخواہ دارطبقے پرٹیکس لگادیا، آئی پی پیزکو سب معاف ہے،حافظ نعیم الرحمانتازترین

September 02, 2024

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگادیا،آئی پی پیز کو سب معاف ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ ہم اس ماہ 50لاکھ افراد کواپنی مہم کا ممبر بنائیں گے، ہم کروڑوں کی تعداد میں لوگوں سے رابطہ کریں گے، ہم پورے پاکستان میں مختلف کمیٹیاں قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی موثر ترین جماعت ہے، جماعت اسلامی ہی جمہوریت کے پیمانے پر پورا اترتی ہے، باقی وڈیروں،جاگیرداروں اور خاندانوں پر مشتمل پارٹیاں ہیں جو سب کو جوڑ سکتی ہے وہ جماعت اسلامی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں موجود دشمن کے ایجنٹ اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں، پاکستان کے سیاسی خلا کو پورا کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی مہم چل رہی ہے، دیانتدار پارٹی موجود ہے تو اس کا پاکستان کو فائدہ ہے، نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس نہ ہوں، میڈیا ورکرز کو وہ مراعات ملنی چاہئیں جو آئین وقانون کے مطابق ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کاکہنا تھا کہ اس نظام میں طاقتوروں ،دولت والوں اور حکمرانوں کی بالادستی ہے، جب وسائل لوگوں پر نہیں لگتے تو نوجوانوں میں مایوسی پھیلتی ہے، پاکستان میں 80فیصد لوگ 40سال اور 65فیصد 25سال کی عمر کے ہیں، آپ نے پاکستان سے مایوس ہوکر جانا ہی کیوں ہے؟ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں معدنی ذخائر کی کوئی کمی نہیں، سمندر،دریا ، کھیت اور پہاڑ ہیں، نظام پر قابض لیڈر شپ نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے، لوگ یہاں طاقت کے بل بوتے ، فارم 47پر مسلط ہوتے ہیں، یہ لوگ صحیح طریقے سے پاکستان نہیں چلا سکے، ان کو اپنی شکست اور ناکامی کو تسلیم کرنا ہوگا، ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر حکمران طبقے کو ناکامی کا اعتراف کرنے پر مجبور کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم کسی فرقے کی بنیاد پر نہیں ، ہر مسلک کا احترام کرتے ہیں، ہم خواتین میں سب سے زیادہ منظم اور بہترین طریقے سے خدمت کررہے ہیں، ہم نے لوگوں کو حقوق دلانے کی بات کی ہے، جماعت اسلامی ہی پاکستان کے عوام کی سب سے بڑی چوائس ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم میں حصہ لیں، ہم مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں گے، قابض مافیا نے ہم پر آئی پی پیز کا عذاب مسلط کیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی