مذہبی جماعتوں کی ڈیڈلائن اور احتجاج رنگ لے آیا،سپریم کورٹ میں( آج) جمعرات کو قادیانیت کے حساس ترین مقدمے کی سماعت،اٹارنی جنرل وفاق کی نظر ثانی درخواست پر دلائل دیں گے۔تفصیلات کے مطابق ایک احمدی شہری کو ضمانت پررہا کیے جانے کے معاملے پر وفاق کی نظر ثانی درخواست پرسپریم کورٹ میں آج جمعرات کو سماعت ہوگی۔ اٹارنی جنرل 22 اگست 2024 کو سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست کی سماعت میں پیش ہوں گے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ علمائے کرام اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رائے کی روشنی میں دلائل دیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اس مقدمے کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 17 اگست 2024 کو ایک اضافی درخواست دائر کر دی گئی تھی۔ اس مقدمے کے حوالے سے قومی اسمبلی میں تفصیلی بحث ہوئی اور یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے حوالے کیا گیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں حکومت اور حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی وفاقی حکومت کو یہ ہدایت دے گی کہ اس مقدمے کے واقعاتی اور قانونی پہلووں اور علمائے کرام کی رائے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے درخواست دائر کی جائے۔واضح رہے کہ توہین مذہب کے مقدمے میں گرفتار ایک ملزم کی درخواستِ ضمانت پر پاکستان کی سپریم کورٹ کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسی کی جانب سے چھ فروری 2024 کو دیے گئے فیصلے کے بعد اچانک سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ایک منظم مہم کو جنم دیا تھا۔اس مہم کے دوران جہاں چیف جسٹس کے فیصلے کو آئین اور دین سے متصادم قرار دیا جا رہا ہے وہیں خود ان پر توہینِ مذہب جیسے سنگین الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔واضح رہے کہ عدلیہ مخالف مہم کے بعد جہاں سپریم کورٹ نے اس فیصلے کا اردو متن اپنی ویب سائٹ پر شائع کیا وہیں ایک بیان میں یہ بھی کہا کہ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر اس فیصلے کی غلط رپورٹنگ کی گئی جس سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں اور ایسا تاثر دیا گیا کہ جیسے سپریم کورٹ نے دوسری آئینی ترمیم میں مسلمان کی تعریف سے انحراف کیا ہے۔تحریک لبیک نے اس پر شدید احتجاج کیا تھا اور سپریم کورٹ کے گھیراو کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ان کے نائب امیر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔اگلے روز جے یو آئی ف نے بھی ڈی چوک میں مظاہرہ کیا اور سخت احتجاج کیا۔مذکورہ معاملے پر پاکستان کی تمام جماعتیں متفق کھڑی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی