i پاکستان

صوابی ،ٹیکس آفس پشاور کی کارروائی ، لاکھوں کلو تمباکو کا بھاری ذخیرہ برآمدتازترین

January 06, 2026

ٹیکس آفس پشاور نے ضلع صوابی کے علاقے انبار میں کارروائی کے دوران لاکھوں کلو تمباکو کا بھاری ذخیرہ برآمد کرلیا۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران جی ایل ٹی یونٹ مکمل طور پر فعال حالت میں پایا گیا جہاں سے لاکھوں کلوگرام تمباکو کا بھاری ذخیرہ برآمد کر کے اسے قبضے میں لے لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہیکہ برآمد شدہ تمباکو میں 5 لاکھ 14 ہزار 596 کلو ہینڈ اسٹیمڈ لیمینا، 35 ہزار 280 کلو تمباکو اسٹیم اور 74 ہزار 800 کلو گرین لیف شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق برآمد شدہ تمباکو ایک نجی ٹوبیکو کمپنی کے نام پر موجود تھا اور یونٹ کے مالک کی شناخت ربنواز کے نام سے ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر گودام اور تمام مشینری کو سیل کردیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے جب کہ غیر قانونی تمباکو مینوفیکچرنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی خصوصی عدالت سے حاصل کردہ سرچ وارنٹ کے تحت عمل میں لائی گئی، اس کیس میں مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی