لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کے والد جاوید اقبال کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔ ڈان نیوز کے مطابق درخواست صنم جاوید کی والدہ روبینہ جاوید نے بیرسٹر خدیجہ کی وساطت سے دائر کی۔ درخواست میں انسپکٹر جنرل پنجاب (آئی جی)، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ گزشتہ رات 20 کے قریب پولیس اہلکاروں نے صنم جاوید کے گھر چھاپہ مارا، پولیس اہلکاروں نے صنم جاوید کے بارے میں دریافت کیا اور صنم جاوید کے والد کو حراست میں لے لیا۔ درخواستگزار نے بتایا کہ والد کوحراست میں لے کر صنم جاوید کو 21 ستمبر کے جلسے کے پیش نظر ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی، پولیس گزشتہ کئی دنوں سے صنم جاوید کے گھر ریڈ کر رہی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ صنم جاوید کے والد جاوید اقبال کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی