نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے حکومت سندھ کے اشتراک سے صوبہ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت اب پاک آئی ڈی ایپ پر متعارف کرادی ہے ۔ترجمان نادرا کے بیان کے مطابق شہری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق کروائیں اور متعلقہ ادارے میں گاڑی ٹرانسفر کی مزید کارروائی مکمل کریں۔اس سے قبل محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے گاڑی یا موٹرسائیکل کی ملکیت کی منتقلی کیلئے ایک مخصوص اور باقاعدہ طریقہ کار اپنایا گیا جس میں بائیومیٹرک تصدیق کو لازم قرار دیا گیا۔اس میں گاڑی یا موٹرسائیکل خریدنے یا بیچنے کیلئے مخصوص قانونی ضوابط کی پیروی کرنا لازمی قرار دیا گیا تاکہ جعلسازی اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے طریقہ کار کے مطابق نادرا یا ای سہولت سینٹر سے خریدار و بیچنے والے کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔
فروخت کے معاہدے کے تحت اسٹامپ پیپر پر تحریری معاہدہ تیار کیا جائے گا جس پر دونوں فریق دستخط کریں گے۔سوک سینٹر کراچی میں ایکسائز دفتر کا دورہ کر کے ٹوکن حاصل کریں اور درخواست فارم جمع کروائیں۔ مکمل شدہ فارم کے ساتھ لازمی دستاویزات جمع کروائی جائیں گی منتقلی کی مقررہ فیس اور ٹوکن ٹیکس ادا کیا جائے گا جو آن لائن یا دفتر میں جمع کروایا جا سکتا ہے تمام دستاویزات کی تصدیق کے بعد باضابطہ رسید جاری کی جائے گی۔ تصدیق کے بعد 5 سے 15 ورکنگ دنوں میں نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کر دیا جائے گا۔بیچنے والے کیلئے اصل رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ،قومی شناختی کارڈ کی کاپی،دستخط شدہ درخواست،فروخت کا معاہدہ،کلیئرنس سرٹیفکیٹ،پاسپورٹ سائز تصویر لازمی ہوگی جبکہخریدار کیلئے قومی شناختی کارڈ کی کاپی،پاسپورٹ سائز تصویر،ویلیڈ وہیکل ٹیکس سرٹیفکیٹ،رہائش کا ثبوت (یوٹیلیٹی بل/کرایہ نامہ)،گاڑی کا معائنہ سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی