سندھ میں دوبارہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 8 دسمبر کو ہوگا۔ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلوں کے لئے یہ ٹیسٹ آئی بی اے سکھر کے تحت لیا جائے گا، اس حوالے سے آئی بی اے سکھر نے ٹیسٹ کے لیے اپنی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ٹیسٹ کے مراکز پر نقل کی روک تھام کے لئے بھی سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امیدواروں کیلئے ہدایت کی گئی ہے کہ ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ ساتھ، شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈومیسائل، تصویر والی مارکس شیٹ میں سے ایک دستاویز لازمی اپنے پاس رکھنا ہو گی۔ کراچی میں رش اور بدمزگی سے بچنے کے لیے تین امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے جبکہ حیدر آباد، میر پور خاص، نواب شاہ، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔سندھ حکومت نے آئی بی اے سکھر کو 38ہزار 609 امیدواروں کے لیے 6 ہزار روپے فی کس کے حساب سے 232.140 ملین روپے دے دئیے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی