سندھ حکومت کے مختلف محکموں کو اربوں روپے کا چونا لگانے والے ٹھیکیدار اور اس کی کمپنی کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق میںسرز علی حسن سول اینڈ الیکٹریکل ورک کی جانب سے مختلف محکموں کے کروڑوں روپے کے ٹھیکے حاصل کیے گئے مگر زمین پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔ گزشتہ تین سالوں کے دوران مجموعی طور پر اربوں روپے کے ٹھیکے حاصل کیے گئے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے کمپنی کے مالک عرفان شیخ اور غفران شیخ کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
تحقیقاتی افسر کی جانب سے ایجوکیشن ورکس، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ،محکمہ ورکس اینڈ سروسز، کے ایم سی اور دیگر محکموں کے چیف انجینیئرز کو خطوط لکھ دئیے گئے۔ خط میں تحقیقاتی افسر نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران کمپنی کو کتنے ٹھیکے دیے گئے کتنا کام مکمل کیا گیا اور ادا کی گئی رقم کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ خط میں مزید کہا گیا کہ کمپنی کو ادائیگیاں کس ایگزیکٹو انجینیئر کی جانب سے کی گئی ان کی بھی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی