سندھ حکومت نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے ادارے قائم کرنے کا اعلان کیا ہے،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے میں امن وامان کی بحالی کیلئے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ایپکس کمیٹی کے 31ویں اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ منشیات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سکولوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے ادارے قائم کیے جائیں، نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ دیگر صوبوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر آپریشن تیز کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس گزشتہ ایپکس کمیٹی کا تسلسل ہے، صدرِ مملکت نے امن و امان پر گزشتہ روز وزیرِ اعلی ہائوس میں اہم اجلاس کیا، انہوں نے کچے میں ڈاکوں کے سہولتکاروں کو بھی گرفت میں لانے کی ہدایت کی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر مملکت نے منشیات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دی، انہوں نے زمینوں پر قبصوں کو ناقابل برداشت قرار دیا، صدر مملکت کے احکامات پر سندھ حکومت مکمل عمل کرے گی۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ صوبے میں سٹریٹ کرائم اور اغوا برائے تاوان کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی ہے، سندھ حکومت ڈرگ مافیا اور اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کام کر رہی ہے۔اجلاس میں صوبائی وزیر ایکسائیز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس شرجیل انعام میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے ساتھ کوآرڈینیشن میں ہیں، منشیات کے کاروبار میں ایک نائیجیرین کو گرفتار کیا گیا، حیدرآباد میں کریک ڈائون میں 3منشیات فروش مقابلے میں مارے گئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی