i پاکستان

سند ھ ہائیکورٹ، کالعدم تنظیم کی ویڈیو وائرل کرنے والے ملزم کی ضمانت منظورتازترین

September 18, 2025

سندھ ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیم کی ویڈیو وائرل کرنے والے ملزم محمد عمر کی درخواست ضمانت منطور کر لی۔سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران محکمہ انسداد دہشتگردی(سی ٹی ڈی ) نے بتایا کہ ملزم محمد عمر نے مزار قائد کے پس منظر میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی ) کے نام کے ساتھ انشا ء اللہ لکھ کر ویڈیو بنائی۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ویڈیو وائرل کر کے افغانستان تک پہنچائی گئی۔جسٹس ظفر راجپوت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا ٹرائل کورٹ میں یہ ویڈیو پیش کی گئی؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ نہیں عدالت میں یہ ویڈیو پیش نہیں کی اس واقعے کے متعدد گواہ ہیں۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ سنگین جرم ہے جس سے دہشتگردی کو فروغ ملتا ہے اس لیے ملزم ضمانت کا حقدار نہیں ۔محمد عمر کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت میں ویڈیو پیش نہیں کی گئی اس کے علاوہ کوئی الزام نہیں کہ شہری کو جیل میں رکھا جائے۔عدالت نے کہا کہ اگر قابل ضمانت دفعات ہیں تو ضمانت دینا ہوگی یا آپ قانون سے ضمانت کی شق ختم کر دیں۔ اس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے رحمت اللہ کیس میں ٹرائل شروع ہونے کے باعث ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔سندھ ہائیکورٹ نے ملزم کی درخواست ضمانت منطور کرتے ہوئے کہا کہ ہم ضمانت منظور کرتے ہیں آپ اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیں شاید کوئی نئی تشریح سامنے آ جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی