i پاکستان

سمندر پار پاکستانی قوم کا قیمتی اثاثہ، ہرمشکل میں پاکستان کیساتھ رہے، گورنر پنجابتازترین

January 17, 2026

گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں جو مشکلات کے باوجود ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔گورنرپنجاب کے اعزاز میں پیرس میں پاکستان بزنس فورم کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں یورپ بھر سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردارسلیم حیدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب اقتدار میں آئے گی تو اوورسیزپاکستانیوں کی جائیدادوں پرقبضہ مافیا سے متعلق شکایات کا مستقل اورشفاف حل نکالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو کبھی مایوس نہیں کیا جائے گا اور پیپلزپارٹی ہمیشہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے آوازبلند کرتی رہے گی

ہمیں دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے اوراوورسیز پاکستانی اس حوالے سے پاکستان کے بہترین سفیر ہیں۔معرکہ حق کے بعد پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، جو پوری قوم کیلئے فخرکا باعث ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں پاکستان نے ایک طاقتوردشمن کو شکست دی، جس سے ثابت ہوا کہ جب قوم متحد ہوجائے توکوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے پی ٹی آئی پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت کے بجائے انتشار، جلائو گھیرائو اور کنٹینر کی سیاست ایک مخصوص جماعت کا وطیرہ رہی ہے، جس نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ گورنر پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں پر زوردیا کہ وہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں کیونکہ یہ جماعت عوامی مسائل کے حل اور قومی وحدت پریقین رکھتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی