i پاکستان

سکھر ، شکارپور اور حیدر آباد میں پولیس مقابلے، 5خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد، کانسٹیبل زخمیتازترین

January 30, 2026

سکھر ،شکارپور اور حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران پانچ خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ۔شکارپور میں ناپرکوٹ پولیس کا ڈاکوئو ں سے مقابلہ کشمور، شکارپور ہائی وے کے قریب ڈاھانی گھروں کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس اور ڈاکوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ایس ایس پی شکارپور شاہ زیب چاچڑ کے مطابق مقابلے کے دوران ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، جس کے بعد پولیس نے دو ڈاکوئو ں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ڈاکوں کی شناخت یاسین بکھرانی اور نبی داد سندرانی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو عدد ٹی ٹی پستول اور متعدد رانڈز برآمد کیے گئے۔زخمی ڈاکوئوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق ڈاکو یاسین بکھرانی پر اغوا، قتل، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں سمیت 18 مقدمات درج ہیں، جبکہ نبی داد سندرانی کے خلاف قتل، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں سمیت 13 مقدمات درج ہیں۔ فرار ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف پولیس مقابلے اور اسلحہ برآمدگی کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ۔دوسری جانب سکھر میں دورانِ گشت پولیس نے جرم کے ارادے سے کھڑے ڈاکوں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو اسنیچنگ، چوری، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ دوسری جانب حیدرآباد میں نسیم نگر پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران اسنیچنگ میں ملوث دو ملزمان کو ہلاک کر دیا، جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ عمار سٹی کے قریب عبداللہ گارڈن کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے دو مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ملزمان نے پولیس اہلکاروں سے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان موقع پر ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو عدد پستول اور ایک 125 سی سی موٹر سائیکل تحویل میں لے لی گئی ہے۔ابتدائی تفتیش میں ایک ملزم کی شناخت اللہ یار عرف کٹو ولد محمد حسن ذات ملانو، ساکن اصل ضلع قمبر شہدادکوٹ اور حال اسلامیہ کالونی حیدرآباد کے طور پر ہوئی ہے۔دوسرے ملزم کی شناخت ہزار خان ملانو، ساکن جعفرآباد بلوچستان کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اللہ یار عرف کٹو کے خلاف ابتدائی طور پر حیدرآباد اور ٹھٹہ میں ڈکیتی، پولیس مقابلوں اور غیر قانونی اسلحہ کے کم از کم آٹھ مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ اس پر ضلع قمبر میں بھی پانچ مقدمات درج تھے۔ مقابلے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل عزیز جھکرانی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے خلاف ضابطے کی قانونی کارروائی جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی