وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سکیورٹی پلان پر عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں، ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لئے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں، وضع کردہ پلان کی ہر سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، سربراہ نیکٹا محمد طاہر رائے، کوآرڈی نیٹر نیشنل ایکشن پلان، متعلقہ اداروں اور وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزارت داخلہ میں منعقدہ اجلاس میں متعلقہ اداروں کی جانب سے سیکیورٹی پلان اور مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں غیر ملکیوں خصوصا چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وضع کردہ پلان کی ہر سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لئے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں، سکیورٹی پلان پر عمل میں کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی