سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے وزیر بجلی اور سیکرٹری کو آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی دستاویزات سمیت کل جمعہ کو طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس کل جمعہ 30 اگست کو دن دو بجے پارلیمنٹ لاجز اسلام اباد میں چیئرمین سینیٹر محسن عزیز کی صدارت میں منعقد ہوگا جس میں آئی پی پیز کے ساتھ 1992 میں کیے گئے معاہدوں کی دستاویزات کا جائزہ لیا جائے گا۔کمیٹی گزشتہ 20 سال میں ان آئی پی پیز کو کپیسٹی پیمنٹ کی مد میں کی جانے والی ادائیگیوں کی تفصیلات بھی معلوم کرے گی۔کمیٹی یہ جانے گی کہ اس وقت خطے کے باقی ملکوں میں ایسے معاہدے کن نرخوں پر کیے گئے۔تمام آئی پی پیز کے مالکان کی تفصیلات بھی پوچھی جائیں گی۔کمیٹی ان غیر منصفانہ معاہدوں کے پیچھے کارفرما عناصر تک پہنچنے کی بھی کوشش کرے گی جس کے باعث آج ملک شدید ترین بحران کا شکار ہے۔وزیر بجلی اویس لغاری مکمل تیاری کے ساتھ کمیٹی میں پیش ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی