مسلم ہینڈز پاکستان نے حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لئے ملک بھر میں ہنگامی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سید جاوید گیلانی نے کہا کہ مسلم ہینڈز متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے بے پناہ نقصان پہنچایا ہے، ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں اور ان کے روزگار تباہ ہو گئے ہیں۔ ایسے وقت میں مسلم ہینڈز پاکستان بھر میں موجود ہے اور متاثرہ لوگوں کو کھانا، راشن، حفظان صحت کٹس، طبی سہولیات اور پناہ فراہم کر رہا ہے۔ ہماری ٹیمیں عالمی دفاتر، ڈونرز اور پارٹنرز کے تعاون سے دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ لوگوں کو بروقت سہولت دی جا سکے۔
اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق مسلم ہینڈز نے سیلاب زدہ علاقوں میں 89 ہزار سے زائد افراد کو امداد فراہم کی ہے: 39,332 افراد بونیر، خیبر پختونخوا میں 27,316 افراد وزیرآباد میں 12,115 افراد ملتان میں 10,598 افراد لاہور میں امدادی سرگرمیوں میں 48,423 پکے ہوئے کھانے اور صاف پانی کی بوتلوں کی تقسیم، 11,914 فوڈ پیک، 10,752 ہائی جین کٹس شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 10,628 افراد کو مفت میڈیکل کیمپس میں علاج معالجہ فراہم کیا گیا۔ مزید برآں 5,821 خاندانوں کو مویشیوں کے لیے چارہ جبکہ 1,074 متاثرین کو عارضی رہائش بھی فراہم کی گئی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسلم ہینڈز پاکستان، سید جاوید گیلانی کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد صرف فوری ریلیف فراہم کرنا نہیں بلکہ ان متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ اپنے پاں پر کھڑا کرنے میں مدد دینا بھی ہے۔ مسلم ہینڈز پاکستان نے ہمیشہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ہم ڈونرز، پارٹنرز اور عوام کے اعتماد کے شکر گزار ہیں اور ان شا اللہ یہ تعاون مزید متاثرہ خاندانوں تک پہنچے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی