i پاکستان

سی پیک فیز ٹو سے خطے میں خوشحالی آئے گی،اسپیکر قومی اسمبلیتازترین

June 21, 2024

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سی پیک فیز ٹو سے خطے میں خوشحالی آئے گی، سی پیک نے ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس اہم "گیم چینجر" منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں، پاکستان اور چین خطے میں امن اور خوشحالی کے داعی ہیں، دونوں ممالک خطے میں انتشار اور بد امنی کے خلاف یکساں موقف رکھتے ہیں،دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون علاقائی خوشحالی اور ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے،مشترکہ مفادات، خودمختاری اور استحکام کے فروغ کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سی پیک کے حوالے سے سیاسی جماعتوں پر مشتمل تیسرے پاک-چین مشترکہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا اس اہم اجلاس میں شرکت اور پارلیمنٹ کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے،میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینٹر اسحاق ڈار کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اس اہم مشاورتی اجلاس میں مدعو کیا ،پاکستان کی پارلیمان نے سی پیک منصوبے کی ہمیشہ مکمل حمایت کی ہے، سی پیک منصوبہ نے ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس اہم "گیم چینجر" منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں، سات دہائیوں پر محیط چین اور پاکستان کے مضبوط تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہے، سردار ایاز صادق نے کہا پاکستان اور چین خطے میں امن اور خوشحالی کے داعی ہیں، دونوں ممالک خطے میں انتشار اور بد امنی کے خلاف یکساں موقف رکھتے ہیں، صدر شی جن پنگ کا 2015 میں پاکستان کا تاریخی دورہ اس خطے کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل تھا، چینی صدر کے دورے کے موقع پر 46 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے، سردار ایاز صادق نے کہا بطور اسپیکر صدر شی جن پنگ کا پارلیمنٹ میں استقبال کرنا باعث اعزاز تھا، صدر شی جن پنگ نے پارلیمنٹ سے تاریخی خطاب کیا، صدر شی جنگ پنگ نے اس خطاب میں"ون بیلٹ ون روڈ" کے اپنے وژن کا اظہار کیا، دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون علاقائی خوشحالی اور ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے، پاکستان اور چین کی پارلیمانوں کے مابین تعلقات باہمی اعتماد اور عملی تعاون پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا مجھے قومی عوامی کانگریس کے چیئرمین کی دعوت پر دو بار پاکستان کے پارلیمانی وفود کے ہمراہ چین کے دورے کا موقع ملا، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا، مشترکہ مفادات، خودمختاری اور استحکام کے فروغ کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے، دونوں پارلیمان تمام بین الاقوامی اور علاقائی پارلیمانی فورم پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، پاکستان کی قومی اسمبلی نے "علاقائی رابطے اور انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے پہلی اسپیکرز کانفرنس کی میزبانی کی، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا اسپیکرز کانفرنس میں چھ ممالک شامل تھے جن میں افغانستان، چین، ایران، پاکستان، روس اور ترکی شامل تھے، تمام شریک ممالک نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی رابطوں میں اضافہ اور دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، سی پیک پر قائم پارلیمانی کمیٹی نے سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل اور نگرانی کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا، آنے والے دنوں میں سی پیک پر قائم پارلیمانی کمیٹی کو مزید فعال کریں گے، سی پیک منصوبے کی تکمیل سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوئے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوا،چین کے وفد کا پاکستان کا دورہ اور سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی دلیل ہے، سی پیک فیز ٹو سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک کوارڈینیشن مزید گہرا ہو گا ، خطے میں خوشحالی آئے گی، سی پیک کے لیے چینی دوستوں کی غیر متزلزل حمایت اور عزم کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، دعا ہے کہ پاک-چین دوستی اور شراکت داری ہمیشہ یونہی پھلتی پھولتی رہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی