کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے ) نے تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی سال 2023-24کے دوران 52 ارب روپے کا ریکارڈ ریونیو حاصل کر لیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر ریونیو جنریشن کے لئے منفرد اقدامات کئے گئے، مئی اور جون میں سی ڈی اے نے 7.9ارب روپے وصول کئے۔ محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ مالی سال 22-2021 میں سی ڈی اے کو سب سے زیادہ 47.6 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا تھا جبکہ مالی سال 2023-24کے لئے ریونیو کا ٹارگٹ 41.8 ارب روپے رکھا گیا تھا اور موثر حکمت عملی کے تحت گزشتہ مالی سال کے ہدف سے 23 فیصد زیادہ ریونیو حاصل کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے کا مزید کہنا تھا کہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)کو مالی طور پر مستحکم ادارہ بنانے کے لیے اثاثے فروخت کرنے کے بجائے ریونیو کے متبادل ذرائع پر کام کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ریکارڈ ریونیو جمع کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ سی ڈی اے کی ٹیم نے 2 ماہ کے دوران محنت اور جذبے سے کام کر کے ہدف سے زیادہ ریونیو جمع کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ رواں مالی سال بھی اسی عزم سے ریونیو جنریشن پر توجہ دینا ہو گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی