پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وزیر خوراک بلال یاسین کی قیادت میں سپیشل میٹ سیفٹی ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا "صحت مند پنجاب" مشن میں اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وزیر خوراک بلال یاسین کی قیادت میں سپیشل میٹ سیفٹی ٹاسک فورس لانچ کر دی، میٹ سیفٹی ٹاسک فورس میٹ سپیشلسٹ ڈاکٹرز پر مشتمل ہے۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس سپلائی ہونے والے گوشت کی تفصیلی جانچ پڑتال کو یقینی بنائے گی، میٹ سیفٹی ٹیمیں سلاٹر ہائوسز، فروزن میٹ یونٹس، میٹ شاپس، میٹ پروسیسنگ یونٹس کا روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی معائنہ کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ سپیشل ٹاسک فورس لاہور سمیت تمام اضلاع کے انٹری پوائنٹس اور گوشت مارکیٹس میں سپلائی ہونے والے گوشت کو چیک کرے گی، پولٹری فارم، سلاٹر ہاسز سے آنے والے گوشت کے معیار کے معائنے کا مکمل ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا، علی الصبح داخلی راستوں کی سخت ناکہ بندیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ معیاری گوشت کی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناکہ بندیوں اور میٹ شاپس کی چیکنگ کے دوران 60ہزار کلو ناقص اور غیر معیاری گوشت تلف کیا ہے، وزیر اعلی پنجاب کے مشن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر طرح کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کو کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، فوڈ سیفٹی ٹیمیں صبح شام فیلڈ میں متحرک ہیں، عوام الناس تک معیاری دودھ، گوشت اور خوراک کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل چیکنگ کا عمل جاری ہے۔وزیر خوراک کا مزید کہنا تھا کہ شہری بازار سے اشیائے خورونوش خریدنے سے پہلے اس کا معیار، لیبل اور ایکسپائری ضرور دیکھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی