i پاکستان

شہریوں کو بلا کر بٹھائے رکھنا ایف آئی اے و اداروں کی عادت بن چکی، لاہور ہائیکورٹتازترین

August 28, 2024

لاہور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ شہریوں کو بلا کر بٹھائے رکھنا ایف آئی اے سمیت اداروں کی عادت بن گئی۔ لاہور ہائیکورٹ میں سینئر صحافی رضوان رضی کو ایف آئی اے کے نوٹسز بھجوانے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے صحافی رضوان رضی کو ایف آئی اے کی پیشی سے استثنی دیدیا۔ سرکاری وکیل کی طرف سے صحافی رضوان رضی کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال ایف آئی اے کے شہریوں کے خلاف رویئے پر اظہار برہمی کیا اور کہاکہ اگر کوئی شخص کہتا ہے کہ میرے خلاف کوئی الزامات ہیں، تو ان الزامات کی لسٹ تو دیں، اداروں کو کارروائی سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن قانون کے مطابق تو چلیں، شہریوں کو بلا کر بٹھائے رکھنا ایف آئی اے، اینٹی کرپشن سمیت دیگر اداروں کی عادت بن گئی ہے، ادارے شہریوں کو بلاکر اس لئے بٹھائے رکھتے ہیں کیونکہ انکوائریز آگے چلانے کا کوئی مواد کوئی نہیں ہوتا۔ صحافی کے وکیل نے بتایا کہ نوٹس بھیجنے پر صحافی رضوان رضی ایف آئی اے کے روبرو پیش ہوئے، درخواست گزار نے ایف آئی اے سے الزامات کی فہرست مانگی جو آج تک نہیں دی گئی، الزامات کی فہرست دیئے بغیر اب ایف آئی اے نے 29 اگست کو یک طرفہ کارروائی کا نوٹس دیا ہے، ایف آئی اے شہریوں کو طلب کر کے سارا دن بٹھا کر تضحیک کرتا ہے، خدشہ ہے کہ ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے تو صحافی رضوان رضی کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی