i پاکستان

شکیل خان کے خلاف بدعنوانی اور بدانتظامی کی شکایات تھیں،بیرسٹر سیفتازترین

August 16, 2024

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ شکیل خان کے خلاف بدعنوانی اور بدانتظامی کی شکایات تھیں۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شکیل خان پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر صوبائی وزیر بنے، شکیل خان کے خلاف بدعنوانی اور بد انتظامی کی شکایات تھیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شکیل خان کے خلاف شکایات کے حوالے سے شاہ فرمان اور قاضی انور پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے جس کی سفارشات پر شکیل خان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی سمری بھیجی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے ڈی نوٹیفائی کرتے ہوئے سمری گورنر کو بھیجی، شکیل خان نے استعفی دیا تو ڈی نوٹیفائی کرنے کی ضرورت نہیں، اب یہ کمیٹی کا استحقاق ہے کہ کب ثبوت سامنے لائے گی۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق جس پر بھی کرپشن کا الزام ہوگا تو تحقیقات ہوں گی، یہ کمیٹی حکومت سے ماورا ہو کر پارٹی سطح پر بھی تحقیقات کر سکتی ہے، وزیراعلی کیخلاف بھی شکایات ہوئی تو تحقیقات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید کا معاملہ فوج کا اندرونی مسئلہ ہے، 9 مئی پر سیاست کر کے تاثر دیا جا رہا ہے پی ٹی آئی ملک دشمن ہے، 9 مئی پر سیاست کر کے پی ٹی آئی کو فوج کے ساتھ لڑوایا جا رہا ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کئی کارکن گرفتار ہیں انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے، جن لوگوں نے توڑ پھوڑ کی ان کی ویڈیو ثبوت پیش کی جائے اور نشاندہی کی جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی