i پاکستان

شیخوپورہ، عرس سید وارث شاہ کے موقع پر 24 ستمبر کو تعطیل کا اعلانتازترین

September 17, 2025

معروف صوفی شاعر سید وارث شاہ کے 228 ویں عرس کے موقع پر شیخوپورہ میں مقامی تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے 24 ستمبر کو مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ڈی سی شیخوپورہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عظیم صوفی شاعر سید وارث شاہ کے عرس کے موقع پر 24 ستمبر کو شیخوپورہ میں مقامی تعطیل ہو گی، 24 ستمبر کو بدھ کے روز ضلع بھر کے سرکاری و نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عرس کے موقع پر زائرین اور عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا، اس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ وارث شاہ کا عرس علاقائی ثقافت اور روحانیت کا اہم حصہ ہے،عرس کی تقریبات تین دن جاری رہیں گی۔واضح رہے کہ مشہور تصنیف ہیر کے خالق اور پنجابی کے مشہور صوفی شاعر سید وارث شاہ کا مزار شیخوپورہ کے قصبے جنڈیالہ شیر خان میں ہے۔سید وارث شاہ کو پنجابی زبان کا شیکسپیئر بھی کہا جاتا ہے، انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے پنجابی زبان کو عروج بخشا ، پنجابی کی تدوین و ترویج میں وارث شاہ نے نمایاں کردار ادا کیا، آپ کا کلام پاکستان اور ہندوستان بالخصوص سکھوں میں بہت مقبول ہے۔انہوں نے "ہیر" میں بہت سی کہاوتوں کا بھی استعمال کیا جو لوگوں کے لئے ضرب المثل کا درجہ رکھتی ہیں، وارث شاہ کی "ہیر" کے علاوہ دوسری تصانیف میں معراج نامہ، نصیحت نامہ، چوہریڑی نامہ اور دوہڑے شامل ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی