i پاکستان

شدید دھند ،ٹریفک کے مختلف حادثات میں کم ازکم10افراد جاںبحق، 33کے قریب زخمیتازترین

January 07, 2026

شدید دھند کے باعث ٹریفک کے مختلف حادثات میں کم ازکم10افراد جاںبحق اور 33کے قریب زخمی ہوگئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق پہلا واقعہ چکوال کے علاقے تلہ گنگ میں پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری بس کھائی میں جاگری۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ بس اسلام آباد سے کراچی جا رہی تھی، حادثہ جی ٹی روڈ پر ڈھوک پٹھان کے قریب پیش آیا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں 7 خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔دوسری جانب ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جانوروں سے لدی گاڑی الٹ گئی، حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے، حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جھنگ روڈ ایم فور موٹروے انٹرچینج کے قریب جانوروں سے لدی گاڑی الٹنے سے 4 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوئے۔ ادھر اوکاڑہ میں منی مزدا ٹرک اور ٹرالر میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔حادثہ مین جی ٹی روڈ اوکاڑہ ٹول پلازہ پر پیش آیا، منی مزدا ٹرک تیز رفتاری کے باعث پیچھے سے ٹرالر سے ٹکرایا، حادثے کی اطلاع پر پولیس کے اعلی حکام اور امدادی ٹیمیوں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ریسکیو حکام نے بتایاکہ جاں بحق ہونے والے کی شناخت مقبول کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لیکر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی