i پاکستان

شاہراہ قراقرم پر بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی، 2 فوجی اہلکار، ایک شہری جاں بحقتازترین

September 02, 2024

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں شاہراہ قراقرم پر بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے سے 3 مسافر جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ شاہراہ قراقرم پر اپر کوہستان کے علاقے لوتر تھانہ داسو کی حدود میں رات گئے پیش آیا جب کہ اتوار کی رات پورے خطے میں موسلادھار بارش کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بشام سے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر تک کئی مقامات پر بلاک ہوگئی۔ ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) کی گلگت جانے والی مسافر بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر(ڈی پی او) اپر کوہستان مختیار احمد نے بتایا کہ بس بڑے پتھروں کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، دو جاں بحق ہونے والوں کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے جب کہ ایک راولپنڈی کا رہائشی تھا۔ ڈی پی او نے بتایا کہ مرنے والوں میں 2 فوجی اہلکار اور ایک سویلین شہری تھا۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان عبدالرحمن نے بتایا کہ علاقے میں موسلادھار بارش ہوئی اور شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بلاک ہوگئی جس کی وجہ سے اسلام آباد سے آنے اور وہاں جانے والے مسافر راستے میں ہی پھنس گئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی