صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر سے متعلق خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں ایرانی صدر اور ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔ صدر مملکت آصف زرداری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان اور دیگر لوگوں کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی خبر سن کر گہری تشویش ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ میری دلی دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی کی سلامتی اور تندرستی کے لیے ہیں، دعا ہے کہ وہ سلامت رہیں تاکہ ایرانی قوم کی خدمت جاری رکھ سکیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر )پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے حوالے سے کہا کہ ایران کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے بارے میں پریشان کن خبر سنی، بڑی بے چینی کے ساتھ اچھی خبر کے لیے انتظار کر رہے ہیں کہ سب ٹھیک ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی اور پوری ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی