صدر مملکت عارف علوی کی مفاہمت کی تجویز پر حکومتی اراکین پارلیمنٹ نے خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پی ٹی آئی کو سمجھانے کا مشورہ دیدیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک کا سیاسی درجہ حرارت بدستور ہائی ہے مگر صدر مملکت عارف علوی میدان میں آ گئے، پی ڈی ایم اور تحریک انصاف کے درمیان مفاہمت کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی کی مفاہمت کی تجویز پر حکومتی اراکین نے کہا ہے کہ ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں مفاہمت کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ حالات میں بہتری کا راستہ صرف صاف و شفاف انتخابات ہیں، تاہم سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا جو بھی مفاہمت کے لئے قدم اٹھائے گا اس کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے انٹرویو کے بعد سیاسی رہنما یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پس پردہ جو کچھ چل رہا ہے اس کے نتائج جلد سامنے آ سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی