i پاکستان

سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام ،آج پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان ہے،رپورٹتازترین

January 14, 2026

پاکستان بھر کے انٹرنیٹ صارفین کوآج 15 جنوری کو سست رفتار انٹرنیٹ اور ممکنہ سروس میں تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ ملک کی ایک اہم سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام شیڈول کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ کمپنی نیا ٹیل کا کہنا ہے کہ یہ مرمتی کارروائی دوپہر تقریبا 2:00 بجے شروع ہوگی اور اس میں تقریبا آٹھ گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔نیا ٹیل کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے ای میل میں کہا گیا ہے کہ یہ مرمت ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے اور ناگزیر ہے۔ اگرچہ کمپنی نے کیبل کی درست جگہ یا خرابی کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، صارفین کو ممکنہ طور پر انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کیلئے انتہائی اہم ہیں، اور ان میں کسی بھی قسم کی خرابی برازنگ، اسٹریمنگ، آن لائن کام اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کو متاثر کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی پاکستان میں بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ تعطل دیکھنے میں آیا تھا۔ یکم جنوری 2026 کو ملک بھر میں صارفین نے شدید انٹرنیٹ سست روی اور بندش کی شکایت کی تھی، جو ایک اپ اسٹریم انٹرنیٹ فراہم کنندہ میں خرابی کی وجہ سے دو دن سے زائد جاری رہی۔پاکستان عالمی انٹرنیٹ رسائی کے لئے محدود تعداد میں سب میرین کیبلز پر انحصار کرتا ہے۔ مرمتی کام اگرچہ ضروری ہیں، لیکن ان کے اثرات صارفین پر نمایاں پڑتے ہیں۔ مرمت کے دوران ڈیٹا متبادل راستوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے، تاہم اس دوران انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو سکتی ہے۔نیا ٹیل اور دیگر سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مرمت کے دوران اپنی اہم آن لائن سرگرمیوں کی پیشگی منصوبہ بندی کر لیں تاکہ ممکنہ تعطل سے متاثر نہ ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی