سانحہ سیاچن گیاری سیکٹر کے شہداء کی بارہویں برسی(آج)7اپریل کو منائی جائے گی۔ 7اپریل 2012ء کو سیاچن کے گیاری سیکٹر پربرف کا تودا گرنے سے 129فوجی اور 11سویلین شہید ہوئے تھے۔ سانحہ گیاری کے شہدا ء ناردرن لائٹ انفنٹری بٹالین سے تعلق رکھتے تھے۔سات اپریل 2012 ء کوسیاچن گلیشئر کے گیاری سیکٹر میں ناردرن لائٹ انفنٹری کے بٹالین ہیڈکوارٹر پر برفانی تودا آن گرا، برفانی تودے نے تقریباً ایک کلو میٹر کے علاقے کو متاثر کیا۔بٹالین ہیڈ کوارٹر گزشتہ بیس سال سے اسی مقام پر موجود تھا۔ اس علاقے میں پیدل پہنچنا بہت مشکل تھا، سخت موسمی حالات نے امدادی سرگرمیوں کو بھی شدید متاثر کیا لیکن پاک فوج کے باہمت جوانوں نے اس آپریشن کو ممکن کر دکھایا۔گیاری سیکٹر پر امدادی سرگرمیاں ڈیڑھ سال تک جاری رہیں جس میں امریکہ، جرمنی سمیت کئی ملکی ماہرین کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔اس سانحے میں ایک سو انتیس آرمی کے افسر اور جوانوں سمیت 140 افراد شہید ہو گئے تھے جن میں سے 114کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا۔ سانحہ گیاری کے بعد ہونے والا تاریخی آپریشن ہمیشہ عزم وہمت کی شاندار مثال رہے گا۔اس دن کی مناسبت سے ہرسال پاک آرمی اورقوم کی جانب سے گیاری سیکٹر کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی