انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ کیس میں پاکستان عوامی تحریک کے سینئر وکیل مخدوم مجید شاہ کو جرح کیلئے طلب کر لیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ کیس کی سماعت کی، عدالت نے مقدمہ کے مزید گواہوں کو 6 جولائی کو طلب کر لیا۔ عدالت نے ڈی ایس پی رانا محمود الحسن، کانسٹیبل فیصل رشید اور کانسٹیبل عامر حسن کو بھی طلب کر لیا۔ واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں اب تک مجموعی طور پر 98 گواہان کی شہادت قلمبند ہو چکی ہے، سانحہ ماڈل ٹان استغاثہ میں مجموعی طور پر 124 ملزمان نامزد ہیں۔ سابق ایس پی عمر ورک، سابق ڈی ایس پی خالد ابوبکر، سابق ڈی ایس پی میاں شفقت، سابق انسپکٹر بشیر نیازی نے بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا اور ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبدالجبار سمیت 5 ملزم پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی