لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے کیس کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جمع کرائے گئے سٹی پولیس افسر(سی پی او)راولپنڈی کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مرزا وقاص روف نے کی، اس موقع پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے سی پی او راولپنڈی کا جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ سی پی او راولپنڈی نے مختلف اداروں اور 4 صوبوں کی پولیس کو خطوط بجھوائے ہیں جس میں لاپتا محمد اکرم کے حوالے سے تفصیلات مانگیں گئیں ہیں، لاپتا سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی بازیابی کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔ سماعت کے دوران پٹیشن کے قابل سماعت ہونے پر درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری نے دلائل دیے جس میں انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر ہماری پٹیشن کی سماعت کے بعد درج ہوئی ہے، اس لیے درخواست قابل سماعت ہے۔ عدالت نے پٹیشن پر مزید سماعت 29 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا اور انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی