i پاکستان

رمضان شوگر مل کیس: حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظورتازترین

July 04, 2024

لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ احتساب عدالت لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت مسلم لیگ (ن ) کے رہنما حمزہ شہباز کے وکیل کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست کی گئی۔دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حمزہ شہباز کمر کی تکلیف کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے، ڈاکٹرز نے لیگی رہنما کو آرام کا مشورہ دے رکھا ہے، استدعا کی گئی کہ عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے ۔ احتساب عدالت کے جج ندیم گلزار نے ریفرنس پر سماعت کی۔احتساب عدالت کے جج نے حمزہ شہباز کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہر مرتبہ پرائیویٹ ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کر دیتے ہیں، آئندہ اگر میڈیکل پیش کرنا ہو تو سرکاری ہسپتال کا پیش کریں۔عدالت نے کہا کہ حمزہ شہباز کی کمر کی میڈیکل رپورٹس بھی آئندہ پیش کی جائیں، بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔دوسری جانب، شہباز شریف کے وکیل انوار حسین ایڈووکیٹ نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی، عدالت نے کیس کی مزید کاروائی 5 اگست تک ملتوی کردی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی