وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تعمیراتی عمل ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے پر آج( منگل کو) ایف ۔8 انڈر پاس ٹریفک آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے گا۔سرینا چوک انٹرچینج کا جنوری میں افتتاح ہو گا، جو صرف 60 دن میں مکمل ہوگا۔ وہ ایف۔ 8 ایکسچینج چوک انٹرچینج اور سرینا چوک انٹرچینج پراجیکٹس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے ۔وزیر داخلہ منصوبوں کے انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر کے کاموں کا مشاہدہ کیا۔چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور کنٹریکٹرز نے پراجیکٹس پر پیشرفت بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبوں کے فلائی اوورز اور انڈر پاس پر بیک وقت کام جاری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف ۔8 میں تعمیر ہونے والا انڈرپاس 24 دسمبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایف۔ 8 ایکسچینج چوک انٹرچینج کا انڈر پاس صرف 42 روز میں مکمل کرنے کے لیے دن رات کام جاری ہے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو بروقت دور کیا جائے اور مقررہ مدت میں دونوں منصوبوں کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنا ہے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو جلد سے جلد ٹریفک کے مسائل سے چھٹکارا مل سکے۔وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ منصوبوں کی تعمیر کے دوران درختوں کی ہر ممکن حفاظت یقینی بنایا جائے،دونوں منصوبوں کے مختلف سیکشنز پر ہمہ وقت کام جاری رکھا جائے۔سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی