i پاکستان

ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پنجاب نے دو ادویات کی فروخت اور استعمال پر فوری پابندی عائد کردیتازترین

January 14, 2026

ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پنجاب نے مختلف اقسام کی دو ادویات کے مخصوص بیچز کی فروخت فوری طور پر روکنے اور کمپنی کو واپس کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ادارے کی جانب سے جاری الرٹ میں مںدرجہ ذیل ادویات کے بیچز ان کی تفصیلات اور واپسی کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر ڈیلرز، ہول سیلرز یا ریٹلرز کے پاس متعلقہ مصنوعات کے بیچ موجود ہیں تو انہیں فوری طور پر واپس کردیا جائے۔ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پنجاب نے ذیل میں درج مصنوعات کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ ادویات قرار دیا ہے، جبکہ صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ان مصنوعات کے لئے ری کال (یعنی واپس منگوانے) کا حکم جاری کردیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی ادارے کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس قسم کی ادویات کا استعمال فوری طور پر بند کردیا جائے کیونکہ یہ صحت کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پنجاب نے جن دو ادویات کو ناقابل فروخت قرار دیا ہے ان میں انجکشن نیوڈیکس ایک ملی لیٹر بیچ نمبرDX03,DX079 اور انفیوژن زولاش ایک ہزار ملی لیٹر بیچ نمبر259221 شامل ہیں ۔پنجاب میں تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈرگ ایکٹ 1976 اور پنجاب ڈرگ رولز 2007 کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریوں کے مطابق نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنائیں، تاکہ مارکیٹ سے ناقص ادویات کی واپسی یقینی بنائی جاسکے۔چیف ڈرگ کنٹرولر، پنجاب کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان مصنوعات سے متعلق جامع رپورٹ تیار کر کے متعلقہ حکام کو ارسال کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی