ایف پی سی سی آئی، اسلام آباد چیمبر اور آل پاکستان انجمن تاجران کے بعد راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کر دیا۔ راولپنڈی، اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں توسیع کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھ دیا ہے۔ ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے مطابق ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کی جائے، صرف 15 دن کی توسیع میں 4 سرکاری تعطیلات ہونے کے باعث کام کے دن کم رہ جائیں گے جس سے ٹیکس دہندگان کو مشکلات پیش آئیں گی اور آئی آر آئی ایس پر دبا بھی بڑھ جائے گا۔ خط میں کہا گیا کہ 15 دن کی توسیع کی وجہ سے خالی ریٹرن جمع کروانے کا رجحان بھی بڑھ سکتا ہے جس سے ٹیکس سسٹم پر غیر ضروری بوجھ پڑے گا، 30 دن کی توسیع سے ٹیکس دہندگان کو آسانی سے ریٹرن جمع کروانے میں مدد ملے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی