i پاکستان

پشاور میں آٹے کا 20 کلو تھیلا پھر مہنگاتازترین

September 24, 2025

پشاور میں آٹے کا 20 کلو تھیلا ایک بار پھر مہنگا ہو گیا۔20 کلو تھیلا 100 سے 150 روپے تک مہنگا ہوگیا ہے، دو دن میں 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا 150 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بیس کلو مکس آٹے کی قیمت 2 ہزار سے بڑھ کر 2150 روپے ہوگئی ہے، فائن آٹے کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہونے سے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2300 روپے ہوگئی ہے۔آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے گندم اور آٹے کی سپلائی میں رکاوٹوں سے قیمتوں میں اتار چڑھا آتا ہے، دوسری جانب پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بدر الدین کاکڑ نے حکومت پنجاب سے آٹے اور گندم کی نقل و حمل پر پابندی کا فوری خاتمہ اور چیک پوسٹیں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پابندی سے بلوچستان میں 20 کلو آٹے کی قیمت میں 800 روپے تک اضافہ ہوا ہے اور بلوچستان میں غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب گندم کی پیداوار کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا گندم کی کم پیداوار والے صوبوں میں شمار ہوتے ہیں جبکہ سندھ کسی حد تک گندم کی پیداوار کے لحاظ سے خود کفیل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ حکومت گندم کی قیمت کا تعین نہیں کرے گی اور نہ ہی گندم اور آٹے کی ملک بھر میں نقل و حمل پر کسی قسم کی پابندی لگائی جائے گی۔حکومت پنجاب نے بارشوں اور سیلاب کے بعد اگست 2025 میں گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی۔ جس کے بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی