پٹرولیم و گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں 3 سال کے دوران 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان تیل اور گیس کی درآمد پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے،مقامی ذخائر سے پیداوار سے پاکستان کا قیمتی زرمبادلہ بچے گا اور عام آدمی کیلئے ایندھن اور گیس سستے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پٹرولیم اور گیس کے شعبے کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، محسن نقوی، انجینئر امیر مقام، احسن اقبال، سردار اویس خان لغاری، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ دوران اجلاس ملکی و غیر ملکی پٹرولیم اور گیس کے تلاش و پیداواری شعبے نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں آئندہ تین سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔ وفد کے شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ پہلے وزیراعظم ہیں جو سنجیدگی سے اس شعبے پر توجہ دے رہے ہیں، پٹرولیم اور گیس کی پاکستان میں تلاش کیلئے 240 مقامات پر کھدائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے پٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کو آف شور ذخائر ڈھونڈنے کی دعوت دے دی۔
شہباز شریف نے اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی جس میں متعلقہ حکام، سیکرٹریز اور ماہرین شامل ہونگے، کمیٹی شعبے کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد ملک میں پٹرولیم و گیس کے ذخائر کی تلاش و ترقی کیلئے پرکشش پالیسی تشکیل دینے کیلئے تجاویز مرتب کرے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان تیل اور گیس کی درآمد پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے،مقامی ذخائر سے پیداوار سے پاکستان کا قیمتی زرمبادلہ بچے گا اور عام آدمی کیلئے ایندھن اور گیس سستے ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی شعبے کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے پٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیاں آئندہ 3 برس میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی جس سے ملک کی تیل و گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ اس وقت پاکستان میں مقامی طور پر پٹرولیم کی یومیہ پیداوار 70998 بیرل جب کہ 3131 MMSCFD گیس پیدا کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تیل اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے منافع کی مد میں تمام ترسیلات زر ان کے ممالک میں بھجوائی جا چکی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو شعبے کے تمام مسائل حل کرنے اور تشکیل شدہ کمیٹی کو پالیسی تجاویز جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی