وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم صیہونی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے،اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے، عالمی برادری اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف ظلم و جبر روکنے کیلئے دباو ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ جمعہ کو وزیرِاعظم شہباز شریف نے عالمی یوم القدس اور جمہ الوداع کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 7 دہائیوں سے اسرائیل فلسطین اور بیت المقدس پر ناجائز اور غیر قانونی طور پر قابض ہے اور اپنے اس قبضے کو قائم رکھنے کیلئے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرتا آ رہا ہے جس پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعطم کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس اکتوبر سے اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے مزید پہاڑ توڑ رہا ہے، غزہ میں اب تک 32 ہزار فلسطینی بشمول 17 ہزار بچے شہید اور 70 ہزار لوگ زخمی ہوئے، ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں اور بچوں کے سکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا، ان تک امدادی اشیا کی رسائی کو روکا گیا اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد کے باوجود بمباری جاری ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف ظلم و جبر روکنے کیلئے دباو ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں سے جمع الوداع کے موقع پر گزارش ہے کہ وہ رمضان کی برکتیں سمیٹتے وقت اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو دعائوں میں یاد رکھیں اور رب کے حضور ان کی مشکلات کی آسانی کی دعا کریں۔ وزیراعظم نے قوم سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ الوداع کے بابرکت دن کے وسیلے سے اپنی عبادات اور دعاوں میں پاکستان کی امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کریں، اللہ رب العزت نے 27 رمضان المبارک کو ہمیں یہ علیحدہ وطن بڑی قربانیوں کے بعد تحفے میں عطا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس جمعہ المبارک کے طفیل پاکستان کی معاشی مشکلات کا خاتمہ کرے اور ہمیں اس کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات محنت کرنے کا عزم، حوصلہ اور ہمت عطا کرے، آمین۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی