i پاکستان

پولیس کو کم عمر بچیوں کی ہر ممکن بازیابی کے اقدامات کرنے کا حکمتازترین

April 17, 2024

سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو کم عمر بچیوں کی ہر ممکن بازیابی کے اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سی آئی اے کی خصوصی ٹیم کی تشکیل میں ناکامی پر ایڈیشنل آئی جی کراچی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔سندھ ہائیکورٹ میں کم عمر بچی کی گمشدگی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایس ایس پی ایسٹ نے انکشاف کیا کہ کم عمر بچیوں کو لاپتا کرنے میں مخصوص گروہ ملوث ہے، تحقیقات کیلئے سی آئی اے کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کو لکھا ہے کہ تحقیقات کے لیے سی آئی اے کی مدد فراہم کی جائے۔ درخواست گزار کے مطابق 2022 میں سہراب گوٹھ سے 5 سال کی سیما لاپتا ہو گئی تھی، پولیس رپورٹ کے مطابق بچی کی گمشدگی سے متعلق اخبارات میں اشتہار دیئے ہیں۔ عدالت نے ایڈیشنل آئی جی کو بچیوں کے اغوا کے ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سی آئی اے کی خصوصی ٹیم کی تشکیل میں ناکامی پر ایڈیشنل آئی جی کراچی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے پولیس کو کم عمر بچیوں کی ہر ممکن بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا، اس حوالے سے درخواست کی مزید سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی