مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، صوبائی حکومت کا سارا فوکس صرف گجرات اور اپنے لوگوں کو نوکریاں دلوانے پر ہے، آٹے کی قلت اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی نہیں سوچ رہا، پنجاب حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں ہے۔ سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک میں قدرتی آفت کی وجہ سے کروڑوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں، امدادی اور بحالی کے لئے اقدامات کررہے ہیں، خیبر پختونخوا، پنجاب،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومت نظر نہیں آرہی ہے،ایک سیاسی جماعت کروڑوں روپے خرچ کر کے جلسے کر رہی ہے۔ معاون خصوصی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد آٹے اور ادویات کی قلت کی ذمہ داری وفاقی حکومت کو مت دیں، انہوں نے الزام لگایا کہ آٹے کے ذخیرہ اندوزوں کی پشت پناہی کی جارہی ہے، جب بھی ق لیگ کی حکومت آتی ہے آٹے کی قلت پیدا ہوجاتی ہے، وزیر اعلی اور ان کے صاحبزادے نے عثمان بزدار سمیت سارے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، ایک کلرک کو 22 سکیل کا سیکرٹری بنا دیا جائے تو کیا ہوتا ہے، چیف سیکرٹری پنجاب نے کام کرنے سے انکار کردیا ہے، یہ حکومت چلنے والی نہیں ہے۔ عطا تارڑ نے دعوی کیا کہ میری ضمانت اس لیے ہوئی ہے کہ میرے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، جو جلسوں میں بڑے بڑے تقریر کرتے ہیں وہ بتائیں فرح گوگی کو کب واپس لارہے ہیں؟۔ رہنما مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ پرویز الہی حکومت کا خاتمہ کرکے رہیں گے، پی ٹی آئی کرپشن کا احتساب ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی