پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے کے پیش نظر موٹرویز کو متعدد مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔ ترجمان سینٹرل ریجن کے مطاقب مختلف مقامات پر موٹرویز کو مسافروں کی آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات کے تحت موٹروے ایم 3 جڑانوالہ سے رجانہ تک موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے ملتان تک اور موٹروے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے ، ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متعدد مقامات سے موٹرویز کی بندش کا اولین مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور حضرات کیلئے دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہو سکتی ہے، روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری موٹرویز پر دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، دھند میں صبح 10 تا شام 6تک محفوظ سفری اوقات ہیں، ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں۔ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 یا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکانٹ سے بھی تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کرلیں۔دوسری جانب موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق نزلہ زکام میں مبتلا افراد سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے، مناسب فاصلہ رکھا جائے اور ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ماہرین صحت نے مزید کہا کہ شہری متوازن اور صحت بخش غذا استعمال کریں تاکہ قوتِ مدافعت مضبوط ہو اور موسمی بیماریوں سے بچا ممکن بنایا جاسکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی