ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول اتھارٹی پنجاب نے صوبے بھر میں 8 اقسام کی مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کی فروخت فوری طور پر بند کرنے اور انہیں مارکیٹ سے واپس لینے کا حکم جاری کردیا ۔رپورٹس کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ادویات معیار پر پورا نہیں اترتیں اور ان میں سے بعض ادویات طاقت کے ٹیسٹ میں ناکام، غیر معیاری، ملاوٹ شدہ یا قوانین کے برخلاف غلط لیبلنگ کی حامل پائی گئی ہیں۔ الرٹ میں متاثرہ ادویات کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ہدایت میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ڈیلرز، ہول سیلرز یا ریٹیلرز کے پاس ان ادویات کے متعلقہ بیچز موجود ہوں تو انہیں فوری طور پر فروخت سے ہٹا کر واپس کیا جائے اور اسٹاک کی تفصیلات متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کی جائیں۔اتھارٹی نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ ان ادویات کا استعمال فوری طور پر بند کردیا جائے کیونکہ یہ صحت کے لیے شدید خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی