سینیئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے حکومت پنجاب کی جانب سے رضوان رضی کی حمایت میں مہم کو افسوسناک قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شرجیل میمن نے کہا افسوس ناک بات ہے کہ ن لیگ اور پنجاب حکومت ایک بیمار شخص کی حمایت میں مہم چلا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا رویہ صوبہ سندھ کے لیے منفی پیغام ہے، ن لیگ کی پنجاب حکومت اپنی ناقص کارکردگی سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران ناقص حکمت عملی اور ناتجربہ کاری کے باعث پنجاب کے عام عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔سینیئر وزیر نے پوسٹ کے آخر میں #SindhStandsWithPakistan کا ٹرینڈ بھی چلایا۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر رضوان رضی نامی شخص کی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ سندھ میں ڈیموں سے متعلق پیپلز پارٹی کی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔
رضوان رضی کی ویڈیو پر سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر #punjabStandsWithRaziDada کے نام سے ٹرینڈ بھی چلایا گیا۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے کبھی صوبائیت کارڈ، نہروں کے کارڈ اور ڈیم کارڈ نہیں کھیلے، ن لیگ قومی جماعت ہے اس لیے قومی سوچ اور قومی ترقی کو ترجیح دیتی ہے۔شرجیل میمن کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ جس کو آپ ناتجربہ کار ٹیم کہہ رہے اسی ٹیم نے ڈیڑھ سال میں پنجاب میں 80 منصوبوں کے ساتھ انقلاب برپا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے 17 سالوں میں جو کراچی اور سندھ کا حشر کیا اس کا رونا وہ وقتا فوقتا روتے رہتے ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ سندھ کے پچھلے سیلاب میں بیرونی امداد کے باوجود آج بھی تباہی ہی تباہی ہے، جو کردار آج کی پیپلز پارٹی نے پنجاب کے سیلاب میں ادا کیا ہے وہ پنجاب یاد رکھے گا۔وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بری بات اپنے چیئرمین بلاول بھٹو جس نے سیلاب میں مریم نواز کی تعریف کی ان کو جھٹلانا آپ کو زیب نہیں دیتا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی