i پاکستان

پنجاب حکومت کا درسی کتب کے نصاب پر نظرثانی کا فیصلہتازترین

January 02, 2026

پنجاب حکومت نے تعلیمی سال2026-27 کے لیے سکولوں کی درسی کتب کے نصاب میں نظرثانی کا فیصلہ کر لیا ۔پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ (پی سی ٹی بی) کے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق بیشتر درسی کتب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی،تاہم جماعت نہم کی کمپیوٹر سائنس اور انٹرپرینیورشپ کی کتب میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اعلامیے کے مطابق جماعت نہم کیلئے کمپیوٹر سائنس کا نظرثانی شدہ اور اپ ڈیٹ نصاب شائع کیا جائے گا، جبکہ کمپیوٹر سائنس اور انٹرپرینیورشپ (ٹیک) کی جماعت نہم کی کتب کے صفحات کی تعداد کم کی جائے گی۔

اس سلسلے میں پی سی ٹی بی نے متعلقہ درسی کتب کے پرنٹنگ آرڈرز میں ترمیم کی ہدایات جاری کر دی ہیں، بورڈ نے تعلیمی اداروں کو بھی ان تبدیلیوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔حکام کے مطابق ان ترامیم کا مقصد طلبہ میں جدید علم، تخلیقی سوچ اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی فہم کو فروغ دینا ہے۔تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقتا فوقتا نصاب کی تجدید ناگزیر ہے، امید ہے کہ نیا نصاب تدریس کے مجموعی معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی