پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں گرمی زور پکڑنے لگی، ماہر ماحولیات نے پنجاب میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 24 جبکہ زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں 11 مئی تک گرمی کا زور برقرار رہے گا، بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب شہر قائد میں سورج کا پارہ ہائی ہونے لگا ۔ پیر کو موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ شہر میں اس وقت مطلع صاف اور تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم ہے، موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں باہر کم نکلنے، سایہ دار جگہوں پر رہنے اور پانی زیادہ پینے کی ہدایت کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی