پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں گیس لیکج کے واقعات میں بزرگ جوڑے اور دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔تفصیل کے مطابق صوبہ پنجاب کے علاقیحاصل پور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک گھر کے اندر الیکٹرک ہیٹر سے رضائی کو آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 90 سالہ گاما مائی اور 88 فلک شیر شدید جھلس گئے، دونوں فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث جانبر نہ ہو سکے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ادھر سرگودھا میں ایک اور واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے سے میاں بیوی اور ان کے پانچ بچے جھلس کر زخمی ہو گئے
اہلِ محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ دوسری جانب چارسدہ میں گیس سلنڈر دھماکے میں 2 بچے جاں بحق، جبکہ باپ شدید زخمی ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق چارسدہ میں اتمان زئی کے علاقے طارق آباد میں گھر کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا جس میں دو کمسن بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں، جبکہ بچوں کا والد دھماکے میں شدید زخمی ہوا ہے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی