مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پیکا قانون میں ترامیم کا مقصد اپنے سیاہ کارناموں کو میڈیا سے چھپانا ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ میں ترامیم آزادی صحافت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، یہ درحقیقت ڈیجیٹل نیشن برباد پاکستان بل ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، جعلی حکومت نے کالے قوانین کے ذریعے ذرائع ابلاغ کی آزادی سلب کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترامیم کا مقصد اپنے سیاہ کارناموں کو میڈیا سے چھپانا ہے، جعلی حکومت نے 26 ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی پر وار کیا، اب پیکا ایکٹ میں ترامیم کے ذریعے آزادی صحافت کو بھی سلب کر لیا گیا، اقتدار کے دوام کیلئے جعلی حکومت نے آزادی صحافت کو بھی نگل لیا۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم اس کالے قانون کے خلاف صحافی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جعلی حکومت میں کوئی بھی ایسا ادارہ نہیں بچا جسے تباہ نہ کیا گیا ہو، ایسی سخت پابندیاں بدترین امریت میں بھی نہیں دیکھی گئیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی