پشاور میں خیبرپختونخوا کی صوبائی کابینہ میں مجوزہ توسیع کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق اس فیصلے کی بنیادی وجہ حکمران جماعت میں اختلافات ہیں، جن کے باعث کابینہ میں نئے اراکین کی شمولیت پر اتفاق رائے پیدا نہیں ہو سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کابینہ میں توسیع کے لئے چند ناموں کو حتمی شکل دے دی تھی، جبکہ دوسرے مرحلے میں پانچ سے چھ اراکین کو کابینہ کا حصہ بنانے پر غور کیا جا رہا تھا۔ تاہم پارٹی کے اندر مختلف گروپس کی جانب سے تحفظات سامنے آنے کے بعد اس عمل کو روک دیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق متعدد اراکین اسمبلی یہ خواہش رکھتے تھے کہ انہیں بھی کابینہ میں شامل کیا جائے، جس کے باعث اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اگر اس مرحلے پر کابینہ میں توسیع کی جاتی تو یہ اختلافات کھل کر سامنے آ سکتے تھے، جس سے پارٹی نظم و ضبط متاثر ہونے کا امکان تھا۔ذرائع کے مطابق انہی حالات کے پیش نظر کابینہ میں توسیع کا فیصلہ وقتی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ اس معاملے پر آئندہ مشاورت کے بعد دوبارہ غور کیا جائے گا۔ فی الحال صوبائی کابینہ اپنی موجودہ ساخت کے ساتھ ہی کام جاری رکھے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی