تحریک انصاف کی خاتون رہنما صنم جاوید کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ صنم جاوید کی دوست خاتون وکیل کی مدعیت میں تھانہ شرقی پشاورمیں درج کیاگیا ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق صنم جاوید کو پشاور کی مصروف شاہراہ پر روکا گیا اور 5 افراد انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔متن میں کہا گیا ہے کہ اس سنگین واقعہ سے قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے لہذا واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔ترجمان وزیراعلی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ مقدمہ ایڈووکیٹ حرا بابر کی مدعیت میں تھانہ شرقی میں درج کیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی