پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارتی کا اجلاس میں ارکان اسمبلی کے ساتھ پولیس رویے کی مذمت کی گئی۔ پارٹی رہنما زرتاج گل کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس ہوا، جس میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، شاندانہ گلزار جنید اکبر اور علی محمد خان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز کی گمشدگی پر اظہار تشویش کیا گیا۔ علاوہ ازیں ارکان اسمبلی کے ساتھ پولیس کے رویے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں شرکا نے کہا کہ علامتی بھوک ہڑتال کیمپ کے ذریعے بانی چیئرمین عمران خان اور اسیران کی رہائی کے لیے بھر پور آواز اٹھائی۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے شرکا نے ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس 2024 کے جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ عمر ایوب نے اس حوالے سے کہا کہ پوری قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے۔ انہوں نے گولڈ میڈل جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔ شرکا نے صوابی میں کامیاب جلسہ منعقد ہونے پر صوبائی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوابی جلسے میں ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کر کے ثابت کیا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی