پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے خلاف درخواست سیکرٹری سینیٹ کو جمع کروادی جب کہ انتخاب عدالت میں بھی چیلنج کردیا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ نیازی کی جانب سے سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخواکے سینیٹ الیکشن تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ملتوی کیاجائے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نہیں، آپ ہی ایوان کے کسٹوڈین ہیں، آپ کا فرض ہے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں، آپ سے مطالبہ ہے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا عمل شروع نہ کیاجائے، جب تک خیبر پختونخوا میں الیکشن نہیں ہو جاتے، یہ انتخاب نہ کرایا جائے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاا نتخاب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا جس میں پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز نیچیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکنے کیلئے درخواست دائر کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سینیٹر زرقا، سیف اللہ نیازی، سیف اللہ ابڑو، فلک ناز چترالی ، فوزیہ ارشد اور ہمایوں مہمند نے دستخط کیے۔ پی ٹی آئی کی درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہیکہ سینیٹ کے قیام کا مقصد تمام صوبوں کو برابر نمائندگی کو یقینی بنانا ہے، خیبر پختونخوا کو اس کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے لہذا صوبے کی سینیٹ نشستوں کیانتخاب تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کاانتخاب روکاجائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی