i پاکستان

پی ٹی آئی کی مینار پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست، فریقین سے(آج) جواب طلبتازترین

August 06, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست پر فریقین سے (آج) بدھ تک جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی اور جمہوری حق ہے، انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، عدالت انتظامیہ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ دوران سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے ضلعی انتظامیہ کے وکلا سے استفسار کیا کہ آپ کسی کو سیاسی ایکٹیویٹی سے کیسے روک سکتے ہیں؟ آپ نے جلسوں کے حوالے سے کوئی پالیسی بنائی ہے؟ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ سیدھا کہہ دیں جلسہ نہیں کرنے دیں گے۔ بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے دائر درخواست پر ڈی سی لاہور سمیت دیگر فریقین سے(آج) بدھ تک جواب طلب کر لیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی