i پاکستان

پی ٹی آئی کا 8 فروری کو احتجاج کا اعلانتازترین

January 27, 2025

پی ٹی آئی 8 فروری سے اسیران کی رہائی کے لیے تحریک فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مزید گرفتاریوں سے بچنے کے لیے پہلے قانونی تحفظ سے متعلق منصوبہ تشکیل دیا جا رہا ہے جبکہ 8 فروری کو یو م سیاہ منانے اور صوابی میں بڑے احتجاج کا اعلان بھی کیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کی رہائی کے لیے 8 فروری سے دوبارہ تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں مختلف شہروں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے مقامی قیادت کو اہم ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تحریک کے تحت نہ صرف جلسے منعقد کیے جائیں گے بلکہ اسمبلیوں کی سطح پر احتجاج کے لیے بھی پلان ترتیب دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ مزید گرفتاریوں سے بچنے کے لیے پہلے قانونی تحفظ سے متعلق منصوبہ تشکیل دیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی قیادت نے اس حوالے سے وکلا اور قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کر دی ہے تاکہ کارکنان اور رہنمائوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس تحریک کو منظم اور موثر بنانے کے لیے حکمت عملی طے کی جا رہی ہے اور جلسوں کے شیڈول کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔دریں اثناء چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی طرف سے 8 فروری کو یومِ سیاہ منایا جائے گا، اور خیبر پختونخواہ و شمالی پنجاب کے پی پی ٹی آئی کے کارکنان صوابی میں جمع ہوں گے۔ بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان صوابی میں ایک بڑا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے تاکہ پارٹی کے موقف کو کو اجاگر کیا جا سکے۔ بیرسٹر گوہر نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پارٹی کے کارکنان ملک کے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج عوامی حقوق اور پارٹی کی سیاسی جدوجہد کا حصہ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی